بنگلورو۔3/دسمبر(ایس او نیوز) سماجی کارکن اور سماج پرورتن سمودایا کے سربراہ ایس آر ہیرے مٹھ نے الزام لگایا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے رام نگرم ضلع کے بڑدی کے قریب کیتگانہلی میں 110 سرکاری گومال سمیت 200 ایکڑ زمین پر غیر قانونی قبضہ کرلیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سلسلے میں کمار سوامی اور منڈیا کے جنتادل (ایس) لیڈر ڈی سی تمنا کے رشتہ داروں کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا جائے۔ اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت کو یہ زمین فوراً ضبط کرلینی چاہئے اور ساتھ ہی اس زمین سے فائدہ اٹھانے والوں سے رقم ضبط کرکے اسے سرکاری خزانے میں جمع کرنی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ کمار سوامی نے 200ایکڑ زمین غیر قانونی طریقے سے اپنے نام کرلی ہے۔ سابق اے آئی اے ڈی بی آفیسر ڈی سی تمنانے اس معاملے میں کمار سوامی کا ساتھ دیا ہے۔ اس معاملے کی جانچ کرکے لوک آیوکتہ نے بھی کمارسوامی اور ڈی سی تمنا کی طرف سے دھاندلیوں کی تصدیق کی ہے۔ 5ستمبر 2014کو ریاستی محکمہئ مالگذاری نے اس معاملہ میں ملی بھگت میں شامل سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی دستاویزات کے بغیر کمار سوامی نے یہ زمین اپنے نام کرلی ہے، جس کی وجہ سے کئی شکوک وشبہات پیدا ہوتے ہیں۔ فوری طور پر اس دھاندلی میں ملوث سرکاری افسران کے خلاف بھی کارروائی کا ہیرے مٹھ نے مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سدرامیا، وزیر مالگذاری کاگوڈ تمپا اور وزیر قانون جئے چندرا کو انہوں نے مکتوب روانہ کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ کمار سوامی کے علاوہ مدور کے رکن اسمبلی ڈی سی تمنا اور ان کے خاندان والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور فوری طور پر حکومت اس زمین کو اپنی تحویل میں لے لے۔